نئی دہلی 12 /ڈسمبر (ایس او نیوز) میانمار سے ہندوستان میں اسمگل کی جا رہی سپاریوں سے بھری 6 لاریوں کو کچھ انجان لوگوں نے نذر آتش کر دیا جس کی وجہ سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پچھلے کچھ عرصہ سے برما سے سپاریوں کو اسمگل کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے سپاری کے باغات والے مقامی کاشت کار ناراض تھے ۔ حالانکہ اس طرح کی اسمگلنگ روکنے کے لئے آسام کی حکومت نے اقدامات کیے تھے ۔ سپاری کی اسمگلنگ کی وجہ سے تریپورہ، آسام اور آس پاس کے کاشت کار زیادہ متاثر ہوئے تھے ۔ ہندوستانی مارکیٹ میں چونکہ مقامی پیداوار کی قیمت بہت زیادہ گھٹ گئی تھی اس وجہ سے وہ بیرونی ملک سے سپاری اسمگلنگ پر مکمل روک لگانے کی مانگ کر رہے تھے۔
برما سے اسمگلنگ کی جارہی سپاریوں کی لاریوں کو نذر آتش کرنے کا معاملہ میزورم کے مامیت ضلع میں پیش آیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آتش زنی میں ملوث افراد کی نشاندہی نہیں ہو سکی ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے ہفتہ اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ممبئی میں چھاپہ ماری کرتے ہوئے بڑی مقدار میں اسمگل کی گئی سپاریوں کا ذخیرہ ضبط کیا تھا۔